جلد نئی بسوں کیساتھ ٹیکسی سروس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، شرجیل انعام میمن

June 03, 2023

فائل فوٹو

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں، نئی بسوں کے ساتھٹیکسی سروس بھی جلد شروع کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ کل ملک کی تاریخ میں نہایت ہی اہم دن تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو پھر انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اعتراف جرم کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ مرضی کے سوالوں کے جوابات دیئے لیکن کل اس طرح نہیں ہوا، ان سےسوال کیا گیاآپ کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالا گیا اور اب آپ مذاکرات چاہتے ہیں آپ کی پوزیشن کیا ہے؟

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ اس وقت ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کی انتظامیہ سے کہا گیا انٹرویو نہ چلائے۔

انہوں نے کہا کہ اب چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی بھی نہیں بچاسکتا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل جلد حل ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے سندھ بھر میں شروع کر رہے ہیں، اب جو بسیں منگوا رہے ہیں یہ سندھ بھر میں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں لیاری ایکسپریں وے پر بھی سلیکٹڈ بسوں کو چلایا جائے گا جبکہ ٹیکسی سروس بھی جلد شروع کرنے جا رہے ہیں، شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے منصوبے لارہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے صوبے میں نگلیریا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے کہا کہ نگلیریا کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔