زاویار نعمان کو ’پرچی‘ کیوں قرار دیا جارہا ہے؟

June 05, 2023

زاویار نعمان، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کے بیٹے زاویار نعمان کو مسلسل اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ اُنہیں انڈسٹری میں صرف اپنے والد کے نام کی وجہ سے کام کرنے کے اچھے مواقع مل رہے ہیں۔

ویسے تو شوبز انڈسٹری میں اس طرح کے بہت سے اور بھی اداکار ہیں جنہیں ابتداء میں اپنے والدین کے نام کی وجہ سے کام ملا، جن میں علی عباس، فیضان شیخ ایسے اداکار ہیں جنہوں نے انڈسٹری میں آنے کے بعد اپنی جگہ اچھی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے بنائی جبکہ شہروز سبزواری اور شہزاد شیخ ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اپنے والدین کی مدد سے مسلسل ملنے والے پراجیکٹس میں کام کرکے اداکاری کرنا سیکھا۔

لیکن زاویار نعمان کو والدین کی مدد سے انڈسٹری میں قدم رکھنے والے تمام اداکاروں میں سب سے ’بڑی پرچی‘ قرار دیا جارہا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ زاویار نعمان شاید اس وقت واحد ایسے اداکار ہیں جنہوں نے ابھی تک کسی بھی ڈرامے میں معاون کردار ادا نہیں کیا۔

لیکن ابھی تک وہ کسی بھی ڈرامے میں اپنے مرکزی کردار سے ناظرین کو زیادہ متاثر نہیں کرسکے۔

زاویار نعمان کی غیر متاثر کن کارکردگی ہونے کے باوجود بھی نہ صرف پروڈیوسرز اُنہیں مسلسل مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ کرتے نظر آرہے ہیں بلکہ اُنہیں’بیسٹ نیو سینسیشن‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زاویار نعمان کو’پرچی‘ کہا جارہا ہے۔