روز ویلٹ ہوٹل کا مستقبل

June 06, 2023

نیویارک میں سوسالہ قدیم تاریخی اہمیت کا حامل 19منزلہ روزویلٹ ہوٹل جوتقریباً سو ا دو عشروں سے پاکستان کی قومی ایئرلائن کی ملکیت ہے ، وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق کے مطابق نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کو تین سالہ لیز پر دیدیا گیا ہے۔ اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں تین سال میں 22 کروڑڈالر پاکستان آئینگے۔وزیر موصوف نے اس اقدام کو امریکہ میں پاکستان کے نادر اثاثے کو بچانے کے اقدام سے تعبیر کیا۔تاہم اس معاہدے کی دستاویزی تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں جس کی وجہ سے مختلف خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ نیویارک سے نمائندہ جنگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین سالہ معاہدے کے تحت ایک ہزار کمروں پر مشتمل یہ قیمتی عمارت جنوبی امریکہ اور دیگر ممالک سے غیرقانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے یاامیگریشن اور سیاسی پناہ حاصل کرنے والے غیرملکیوں کی امداد اور رہائش کیلئے استعمال کی جائیگی جس کے نتیجے میں معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد اندیشہ ہے کہ یہ خاصی ابتر حالت میں واپس ملے گی لہٰذا یہ سودا کچھ زیادہ منافع بخش ثابت نہیں ہوگااور اس بیش بہا اثاثے کا مستقبل تاریک ہوگا۔ ان خدشات کے پیش نظر بہتر ہوگا کہ وزیر ہوابازی اس معاہدے کی تفصیلات قوم کے سامنے لے آئیں تاکہ اگر خدشات درست نہیں تو غلط فہمی کا ازالہ ہوجائے اور درست ہیں تو معاملے کو سنبھالنے کی ممکنہ تدابیر اختیار کی جاسکیں۔ وزیر ہوابازی کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرتے ہوئے ان کی آپریشنل ذمہ داری معروف کمپنی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ بھی کیا جاچکا ہے۔مالیاتی وسائل کی شدید قلت کی وجہ سے ایسے فیصلے ناگزیر ہیں تاہم ہر ممکن کوشش ہونی چاہئے کہ ان سے قومی مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998