اداکارہ اسما عباس اپنی بہن سنبل شاہد کی برسی پر آبدیدہ ہو گئیں۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ اسما عباس اپنی جاندار اداکاری اور سادہ مزاجی کی وجہ سے لاکھوں دلوں میں جگہ رکھتی ہیں۔
حال ہی میں اسما عباس نے اپنے یوٹیوب چینل پر سنبل شاہد کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک جذباتی وی لاگ شیئر کیا، ویڈیو میں وہ اپنی مرحومہ بہن کو یاد کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سنبل باجی کو بچھڑے ہوئے چار سال ہوگئے، وقت جیسے پر لگا کے اُڑ گیا، وہ بہت معصوم اور خوبصورت تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ سنبل کو خود بھی پتہ نہیں چلا کہ وہ کب بیمار ہوئیں، ان کی اور امی ابو کی جدائی نے مجھے اندر سے توڑ کر رکھ دیا ہے، زندگی ہے مگر خوشی نہیں رہی، اب سب بس وقت گزارا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کی نعمت ہے یہ زندگی، لیکن جن کے بغیر ہے وہی اس کا حسن تھے، لوگ کہتے ہیں مصروف رہو، میں رہتی بھی ہوں لیکن دل کا خلا بھر نہیں سکا۔