صبر کا وہ پھل ملے گا جس کا آپ کو اندازہ ہی نہیں، آصف علی زرداری

June 06, 2023

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ صبر کا وہ پھل ملے گا جس کا آپ کو اندازہ ہی نہیں، سارے دکھ درد دور ہوجائیں گے۔

لاہور کے بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، کارکن صبر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جیل میں معیشت پر بہت ساری کتابوں کا مطالعہ کیا ہے۔ ایسے حل دیے جس سے ہمارے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر ہوگئے تھے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ انشا اللّٰہ ملکی معیشت کو سنبھال کر زر مبادلہ کے ذخائر 100 ارب ڈالر تک پہنچاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ فوج کا بڑا خرچ نہیں خوامخواہ اس پر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ سیاست میں ہر چیز کو کرنے کا حل موجود ہے، جن کو سیاست نہیں آتی، ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دو ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، الیکشن تبھی ہوں گے جب میں کراؤں گا۔

علاوہ ازیں آصف زرداری سے سندھ سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو اور سردار کانبو خان برہمانی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

عارب خان برہمانی اور سابق وائس چیئرمین محمد صادق شورو بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔