بابر اعظم انضمام الحق کا نعم البدل بن سکتے ہیں، محمد یوسف

June 08, 2023

کولاج فوٹو: فائل

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بابر اعظم انضمام الحق کا نعم البدل بن سکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ بچے گراؤنڈ میں آکر کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ماڈل ٹاؤن گرینز سے وہاب ریاض، سلمان بٹ اور اعزاز چیمہ جیسے کھلاڑی سامنے آئے،ایسے کیمپ کا ہونا بہت ضروری ہے۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پہلے دور والی کرکٹ اب نہیں ہوتی، میچز آئی سی سی اور بورڈ ممبران پلان کرتا ہے۔

قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ریکارڈ ساز بیٹر نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹ میں کارکردگی بہت اچھی ہے۔ پاکستان کے پاس حارث رؤف، شاہین آفریدی، زمان خان، نسیم شاہ اور احسان اللّٰہ جیسے بولرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں سعید انور اور انضمام الحق جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔

محمد یوسف نے کہا کہ بطور کرکٹر میں چاہتا ہوں کہ پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے جبکہ پاکستان کو بھارت جانا چاہیے۔ پاک بھارت کرکٹ دونوں حکومتوں کا ایشو ہے، یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تاخیر کیوں ہے؟ اس پر مجھے خود بھی حیرت ہے۔

ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی کا آئی سی سی پر دباؤ ہے یا نہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔