اسکواڈ میں خود کو شامل نہ کرنے کی ہر وجہ بتاؤنگا: تمیم اقبال

September 27, 2023

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال----فائل فوٹو

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال نے اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کے معاملے پر حقیقت سے پردہ اٹھانے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ ڈراپ ہونے کی ہر وجہ بتاؤں گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں ویڈیو بیان میں ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے قبل ہونے والے معاملات سے متعلق آگاہ کروں گا، میڈیا میں چند دنوں میں بہت کچھ سامنے آیا ہے۔

تمیم اقبال کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش ٹیم کے فینز اور سپورٹرز ہر چیز کے بارے میں جاننے کا حق رکھتے ہیں۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق تمیم اقبال کو شکیب الحسن کے کہنے پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن نے ان فٹ کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی صورت میں کپتانی چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔

ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے جبکہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، نجم الحسین شانٹو، توحید ہردوئے، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، حسن محمود، شوریف الاسلام، نسم احمد، مہدی حسن، تنزید تمیم، تنظیم ثاقب اور محمود اللّٰہ شامل ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہو گا۔

بنگلا دیش ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔