منفرد اندازِ گلوکاری کے سبب شہرت پانے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے سوشل میڈیا پر کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے اپنا ترانہ شیئر کر دیا ہے۔
گلوکار چاہت فتح علی خان کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے گایا گیا ترانہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گیا۔
چاہت فتح علی خان کا یہ جوش دلانے اور جذبہ جگا دینے والا ترانہ حوصلہ افزاء بول ’جیتیں گے بئی جیتیں گے‘ پر مبنی ہے۔
چاہت فتح علی کا ترانہ سوشل میڈیا پر آتے ہی صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس پر صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گلوکار چاہت فتح علی خان کا اصل نام کاشف رانا ہے، وہ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر اپنے بے سرے اور بے ڈھنگے گانوں کے سبب وائرل ہیں۔
چاہت فتح علی خان کے اس انداز کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین چاہت فتح علی خان کے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء سے متعلق نئے ترانے پر دلچسپ تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے لیے ایک ترانہ گایا تھا۔
دوسری جانب نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار علی ظفر نے بھی چاہت فتح علی خان کے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے گائے گئے ترانے پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
علی ظفر نے ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا، چاہت فتح علی خان نے میری مصروفیت کا فائدہ اٹھایا ہے، یہ اچھی بات نہیں ہے، میں ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
علی ظفر نے یہ بھی لکھا ہے کہ اپنی پرفارمنس سے فارغ ہو کر سیدھا اسٹوڈیو جاؤں گا جہاں وہ خود کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے لیے ترانہ تیار کروں گا۔