حیدرآباد: قابلِ اعتراض مواد اپلوڈ کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار

November 30, 2023

—جنگ فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل حیدر آباد کے عملے نے ایک کارروائی کے دوران جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصویریں ایڈیٹ کر کے مواد اپلوڈ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

انچارج سائبر کرائم سرکل حیدر آباد فصیح الرحمٰن کی زیرِ نگرانی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم جان محمد اور عزیر حیدر کو حیدر آباد اور دادو سے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان نے شکایت کنندگان کی قابلِ اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔

ملزمان خواتین کی قابلِ اعتراض تصاویر شیئر کرنے میں ملوث رہے ہیں، ملزمان نے قابلِ اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے لیے جعلی اکاؤنٹس بھی بنا رکھے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان متاثرین کی تصاویر ایڈیٹ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کرتے تھے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر تیکنیکی وسائل کو بروئے کار لایا گیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام سے ملزمان کی تفصیلات حاصل کر کے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

ملزمان کے زیرِ استعمال موبائل فونز کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔