بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب

December 02, 2023

بیرسٹر گوہر بلا مقابلہپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہو گئے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان بلا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈاپور تحریکِ انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب ہوئی ہیں۔

نیاز اللّٰہ نیازی نے بتایا کہ بلوچستان سے منیر احمد بلوچ اور ان کا پورا پینل بلا مقابلہ منتخب ہو گیا جبکہ سندھ سے حلیم عادل شیخ تحریکِ انصاف کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اکبر ایس بابر نے مجھ سے اور میری ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، گزشتہ روز میں آفس میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھا، اکبر ایس بابر نے ویڈیو بنا کر میڈیا پر جاری کی جسے مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 دن دیے گئے کہ دوسرا الیکشن کریں، اگلے ہفتے میں عام انتخابات کے لیے شیڈول آ رہا ہے، تحریکِ انصاف کو کسی نہ کسی طریقے سے ان مراحل سے آؤٹ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ رولز کے مطابق ریٹرننگ افسر نے مجھے ون پینل لسٹیں دیں، پارٹی نے کسی کو منع نہیں کیا تھا کہ الیکشن میں حصہ نہیں لینا ہے، ہمارے پاس ان نشستوں کے لیے کسی اور امیدوار نے کاغذات نہیں جمع کیے۔

پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ اکبر ایس بابر صرف ویڈیو بنانے کے لیے آئے کہ لوگوں کو بتاؤں الیکشن ہو رہا ہے، وہ پارٹی کے ممبر ہیں اور لسٹ میں تھے، انہوں نے ایسے ہی ہائپ بنائی کہ ایسے انٹرا پارٹی انتخابات ہو رہے ہیں۔

میرا پینل سابق چیئرمین کا منتخب کردہ پینل تھا: گوہر خان

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی ایک جدوجہد کی وجہ سے جیل میں ہیں، میرا پینل سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا منتخب کردہ پینل تھا، ہماری آدھی سے زیادہ لیڈر شپ جیلوں میں ہے، پی ٹی آئی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اہم ذمے داری سونپنے پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جو فیصلہ ہو گا اسی پر عمل درآمد کریں گے، ہمارے خلاف 180 کیسز بنائے گئے ہیں، عدلیہ سے بھی وہ ریلیف نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے تھا۔

نو منتخب چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے میرا انتخاب کر کے موروثی سیاست نہ کرنے کا ثبوت دیا، الیکشن کی تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کا انتظار ہے۔

انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کرینگے: اکبر ایس بابر

دوسری جانب اکبر ایس بابر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔

اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، آج شام کو انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلے میں اہم پریس کانفرنس کرنے جا رہا ہوں۔