ملک سمندر خان کاسی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل

December 06, 2023

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)معروف سیاسی و قبائلی رہنما ملک سمندر خان کاسی ایڈووکیٹ نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی ہی پاکستان کو مشکل حالات سے نکال سکتی ہے ،کچھ دنوں میں وکلاء اور دیگر شخصیات بھی استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بنیں گی ۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مرزا شمشاد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے ، پاکستان میں مشکل حالات پیدا کرنے والے کا سب کو پتہ ہے ایک شخص نے اپنی سیاست چمکانے کے لئے ملکی اداروں تک کو نہیں بخشا ،استحکام پاکستان پارٹی ہی پاکستان کو مشکل حالات سے نکال سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پہلے کسی سے ملاقات نہیں کرتے تھے مگر اب ہر سیاسی رہنما کی منت سماجت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ9 مئی کو ایک شخص نے ملک میں عدم استحکام پیدا کیا ،9 مئی کا واقعہ سیاست چمکانے کے لئے کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کے مسئلے پر آج تک کسی نے بات نہیں کی ،چند لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لئے لاپتہ افراد کے مسئلے کو استعمال کرتے ہیں ۔