پی ٹی آئی کیا اب پیپلز پارٹی و ن لیگ کی مثالیں دیگی؟ اکبر ایس بابر

December 08, 2023

رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر---فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ یہ وقت بھی آنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکیل کہتے ہیں ن لیگ نے بھی ایسے انتخابات کروائے، پی ٹی آئی کیا اب پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی مثالیں دے گی؟

الیکشن کمیشن کے باہر اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف رہے کہ یہ غیر جمہوری انداز اپناتے ہیں، آج پی ٹی آئی رہنما ان سیاسی جماعتوں کی موروثی سیاست کا حوالے دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں آئے، اس سے قبل فارن فنڈنگ کیس میں آئے تھے، آج پی ٹی آئی کے غیر قانونی انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف آئے تھے، جہاں ویڈیو ثبوت پیش کیے اور بتایا کہ یہ الیکشن کی تضحیک ہوئی ہے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ورکرز کے ساتھ دھوکا ہوا ہے، آج یہ طے کرنا ہے کہ ملک میں ایسے فراڈ نہ ہوں۔

اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ایک چیئرمین دوسرے چیئرمین کو منتخب کرتا ہے جس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس پر حملے ہوئے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، وہ کون تھے جنہوں نے مخالفین پر ظلم کیا اور کہا سب کو رلاؤں گا، یہ اللّٰہ کا قانون ہے کہ ظلم کرو گے تو انجام بھی سامنے ہو گا۔

اکبرایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ الزام تراشی ہر دور میں ہوتی رہی ہے، پاناما کے وقت بھی مجھ پر الزام لگایا گیا، وہ جب ایک پیج پر تھے تو میں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف تھا۔