امریکی ویزے کیلئے جعلی تعلیمی دستاویزات پیش کرنے کا الزام، خاتون ایجنٹ گرفتار

February 23, 2024

امریکا کے تعلیمی ویزا کے حصول کیلئے کلائنٹ کی جعلی تعلیمی اسناد پیش کرنے پر خاتون کنسلٹنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی مراد کی نگرانی میں کارروائی کی گئی۔

حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف کارروائی امریکن قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی، گرفتار ملزمہ نے اپنے کلائنٹ کے ویزا حصول کیلئے جعلی تعلیمی دستاویزات پیش کی تھیں۔

ملزمہ نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے جعلی ڈگری بنوائی۔ جسے کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔