کراچی: سینٹرل جیل کے رہائشی کوارٹر میں آتشزدگی، ہیڈ کانسٹیبل، اہلیہ و 6 بچے جھلس گئے

March 10, 2024

---فائل فوٹو

سینٹرل جیل کراچی کے رہائشی کوارٹر میں گیس کے اخراج سے آگ لگ گئی جس سے 8 افراد جھلس گئے۔

آگ لگنے سے ہیڈ کانسٹیبل، ان کی اہلیہ اور 6 بچے جھلس گئے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہیڈ کانسٹیبل، اہلیہ اور 2 بچوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

آگ لگنے سے گھر میں موجود سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

اس حوالے سے سول اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل طارق اور ان کی اہلیہ زیرِ علاج ہیں، دونوں کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل طارق کا جسم 60 فیصد تک جبکہ ان کی اہلیہ 100 فیصد جھلس چکی ہیں، حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔