کیٹ مڈلٹن طویل عرصے بعد منظرِ عام پر

March 19, 2024

فوٹو بشکریہ برطانوی میڈیا

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی طویل عرصے کے بعد خوشگوار انداز میں واپسی ہوگئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، ہفتے کوکیٹ مڈلٹن کو شہزادہ ولیم کے ساتھ ونڈسر فارم شاپ پر دیکھا گیا جو ان کے گھر ایڈیلیڈ کاٹیج سے تقریباً ایک میل دور ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم ونڈسر فارم شاپ پر جانے سے قبل ہفتے کی صبح اپنے بچوں 10 سالہ شہزادہ جارج، 8 سالہ شہزادی شارلٹ، اور 5 سالہ شہزادہ لوئس کی کھیلوں کی سرگرمیاں دیکھنے کے لیے بھی گئے تھے۔

tmz #TMZ and #TheSun have obtained video of #KateMiddleton out and about Saturday with #PrinceWilliam ♬ original sound - TMZ


رپورٹ میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کیٹ مڈلٹن، شہزادہ ولیم کے ساتھ ونڈسر فارم شاپ پر شاپنگ کرنے آئی تھیں، اس دوران وہ بہت خوش اور صحت مند لگ رہی تھیں۔

یاد رہے کہ 16 جنوری کو پیٹ کی سرجری ہونے کے بعد کیٹ مڈلٹن دو ماہ سے منظرِ عام سے غائب تھیں جس کی وجہ سے ان کی صحت کے بارے میں پچھلے کچھ عرصے سے میڈیا پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں یہاں تک کہ یہ خبر بھی سامنے آئی کہ وہ کوما میں ہیں۔

اس دوران برطانیہ میں مدرز ڈے کے موقع پر شاہی محل کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیٹ مڈلٹن کی ان کے بچوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی گئی۔

کیٹ مڈلٹن کی اس تصویر کے بارے میں صارفین نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ تصویر اصلی نہیں بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور تمام بڑی فوٹو ایجنسیوں نے بھی اس تصویر کو شائع کرنے سے انکار کر دیا۔

کیٹ مڈلٹن نے اپنے دفتر کینسنگٹن پیلس کی جانب سے نشر کی جانے والی تصویر کے سبب عوام میں پیدا ہونے والی الجھن پر معافی مانگی اور اس تصویر کو سرکاری ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا گیا۔