اسرائیلی ڈرون سے 4 نہتے فلسطینیوں کی شہادت کی ویڈیو ہولناک ہے، امریکا

March 24, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرون سے 4 نہتے فلسطینیوں کی شہادت کی ویڈیو انتہائی ہو لنا ک ہے، ویڈیو میں چار نہتے فلسطینیوں کو میزائل حملوں میں بے دردی سے شہید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے الجزیرہ کی طرف سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد اسرائیل سے جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کے معتبر الزامات" کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اس ویڈیو میں اسرائیلی فضائی حملوں میں چار نہتے فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فضائی حملے فروری میں ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ فوٹیج جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ایک فعال جنگی زون کی ہے اور وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اسرائیلی ڈرون سے حاصل کی گئی ویڈیو کے بارے میں پوچھے جانے پر، محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ترک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ "ویڈیو کا مواد ہولناک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم نے فوٹیج کی تصدیق نہیں کی ہے، لیکن ہم نے اسرائیلیوں سے مزید معلومات اور تحقیقات کے لئے کہا ہے،اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگی خلاف ورزیوں کے قانون کے معتبر الزامات کی تحقیقات کرے اور کسی بھی خلاف ورزی کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لئے مناسب جوابدہی کو یقینی بنائے۔