حریم شاہ برطانوی سیاست میں داخل، ایم پی بننے کا ارادہ

March 29, 2024

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) معروف سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ سیاست میں آگئی ہیں اور مستقبل میں برطانوی پارلیمنٹ کی رکن بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے برطانیہ کی ایک مرکزی سیاسی جماعت کو اس کے ایک رہنما کی دعوت پر جوائن کیا ہے۔

برطانیہ میں تین بڑی مشہور جماعتیں ہیں، میں ابھی پارٹی کا نام ظاہر نہیں کر سکتی لیکن میں تصدیق کر سکتی ہوں کہ میں نے لیبر، ٹوریز اور لبرل ڈیموکریٹس (لبڈیم) پارٹیوں میں سے کسی ایک میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان پارٹیوں میں سے ایک کے سینئر لیڈر نے مجھے اس میں شامل ہونے کو کہا۔ میں مستقبل میں انتخابات میں کھڑی ہونے اور برطانوی پارلیمنٹ کی رکن بننے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ آپ مجھے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں دیکھیں گے۔

ان جماعتوں کو نوجوان اور مقبول اثرورسوخ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا کیونکہ میں گوگل کی ٹاپ سرچ رینکنگ میں ہوں۔ میں مقبول ہوں۔ میں بھی دنیا کے سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے لوگوں میں شامل ہوں۔