صدر مملکت آصف زرداری کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

April 11, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری نے غزہ میں انسانی بحران اور اسرائیلی افواج کی جانب سے نسل کشی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

صدر مملکت آصف زرداری اور ایرانی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں صدور نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے پر ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کےلیے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کا تبادلہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، ایرانی صدر اور ان کے اہلخانہ کی صحت اور خوشیوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔