4 کلو زیور و نقدی چوری، 5 گاڑیاں، 18 موٹر سائیکل غائب، بھائی نقدی و زیور ہڑپ گیا

April 15, 2024

راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں شہری 5گاڑیوں 18 موٹر سائیکلوں، 66موبائل فونز، لیپ ٹاپس، نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے۔ 9افراد سے ’’جھپٹا مار کر‘‘ موبائل فون چھین لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں 17وارداتیں ہوئیں۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن فراش ٹو میں اسم تنویر کے گھر سے 8لاکھ نقدی جبکہ مشتاق چیمہ کے گھر سے 4کلو طلائی زیورات‘ 87ہزار نقدی اور لیپ ٹاپ چرا لئے گئے۔ تھانہ گولڑہ مہران کمپلیکس کے قریب پولیس کے روپ میں ملزمان نے ایک خاندان راشدہ زیدان‘ شوہر اور بیٹے کو لوٹ لیا۔ ملزمان پولیس کا تعارف کروا کے ساڑھے 7ہزار ڈالر چھین کر لے گئے۔ ایک اور واقعہ میں 10لاکھ سے زائد کی نقدی‘ طلائی زیورات‘ جی ٹین ٹو میں وکیل مدی خان کے گھر سے 13لاکھ نقدی اور دیگر سامان لٹ گیا۔ مصریال روڈ پر آسیہ بی بی کے گھر سے 2موبائل، 10ہزار اور سونا 3لاکھ‘ گلستان کالونی میں راجہ اعجاز اصغر کے تالے توڑ کر 3لاکھ 18ہزار روپے، سونا مالیتی 14لاکھ اور گھڑی مالیتی 2لاکھ 25ہزار روپے چرا لئے گئے۔ فضل ٹاؤن میں اقراء اسد کے گھر کا تالہ توڑ کر سونا مالیتی 8لاکھ 70ہزار روپے، گلشن آباد میں کیپٹن رافع ملک کے گھر سے لیپ ٹاپ اور ٹاپس کی جوڑی، گرجا روڈ پر انعام اللہ کی دکان کی دیوار میں نقب لگا کر 11لیپ ٹاپ، 6موبائل رپیئرنگ اور17موبائل، بحریہ ٹاؤن فیز8 میں عامر عباس کے گھرسے ساڑھے تین تولے سونا اور 70ہزار چوری کر لئے گئے۔تھانہ ائرپورٹ کو پروین اختر نے بتایا کہ میں نے 14تولہ سونا، دس ہزار پاؤنڈز اور 15لاکھ روپے چھوٹے بھائی پرویز اقبال کو نائید اختر اور امجد محمود کے سامنے بطور امانت حوالے کئے لیکن وہ انکاری ہو گیا۔ تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار محمد توثیق کو اجنبی کو لفٹ دینا مہنگی پڑ گئی، ملزم موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگیا۔