میٹروبس پراجیکٹ فیڈر روٹس کی دوبارہ نشاندہی کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی کا فیصلہ

April 16, 2024

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) میٹرو بس پراجیکٹ فیڈر روٹس کی دوبارہ نشاندہی کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں راولپنڈی کیلئے چھ فیڈر روٹس کا اعلان کیا گیا تھاجن پر الیکٹرک بسیں چلائی جانی ہیں۔ان چھ روٹس میں سواں سے ریلوے اسٹیشن،اسلام آباد ایکسپریس وے سے ریلوے سٹیشن،ڈھوک کشمیریاں سے گنجمنڈی تک، ڈھوک کشمیریاں سے ٹی بی ہسپتال،پیر ودھائی سے کشمیر روڈ اور فیض آباد سے کھنہ پل تک کے روٹس شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق ان روٹس کو کئی برس قبل حتمی شکل دی گئی تھی جبکہ اس دوران آبادی کی ضروریات و انتظامی ترجیحات میں تبدیلیاں آئی ہیں جن کو لائن اپ کرنے کیلئے فیڈر روٹس کی دوبارہ نشاندہی کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی نیسپاک سے کرائی جارہی ہے۔ادھر میٹرو بس پراجیکٹ ٹریک کی مینٹی نینس کیلئے نیسپاک ،آر ڈی اے اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی(پی ایم اے) میں مشاورت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق718ملین روپے آر ڈی اے کو فراہم کئے جاچکے ہیں۔ پہلے صدر تا فیض آباد8اعشاریہ 4کلومیٹر ایلیویٹڈ ٹریک پر کام شروع ہوگا۔