رفح، مغازی اور غزہ میں اسرائیلی حملے، کل سے ابتک 20 فلسطینی شہید

April 17, 2024

تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی بم باری کا سلسلہ جاری ہے، رفح، مغازی اور غزہ سٹی میں اسرائیلی حملوں میں کل سے اب تک 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں دوا ساز فیکٹری پر بم باری کی، غزہ کے جنوب میں الزیتون محلے کو بھی گولہ باری میں نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں بنی نعیم میں 2 فلسطینیوں کے گھر تباہ کر دیے، دونوں فلسطینیوں محمود اور احمد زیدات پر اسرائیلی فوجی کے قتل کا الزام ہے۔

گزشتہ رات غزہ کے وسطی علاقے میں کئی عمارتوں کو تباہ کر دیا گیا، اسرائیلی فوج نے نصیرات کیمپ کے شمال میں زیادہ تر عمارتوں کو پہلے ہی تباہ کر دیا ہے۔

غزہ کی پٹی میں رات 2 مقامات پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 9 افراد شہید ہو گئے۔

رفح کے یاونیہ کیمپ میں حسن ابو الحنود کے گھر پر اسرائیلی حملے میں 7 افراد شہید ہوئے۔

مشرقی غزہ میں شیجائیہ محلے میں گھر پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 2 افراد شہید اور 9 لاپتہ ہو گئے۔

شمالی غزہ کے علاقے بیت الحنون میں حماس کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا۔