پاک ویسٹ انڈیز ویمن ون ڈے سیریز کا آج سے آغاز

April 18, 2024

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن سیریز کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، مہمان ٹیم نے سیریز کے آغاز سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں بھی بھرپور جان ماری جبکہ قومی ٹیم کی صرف 5 کھلاڑیوں نے پریکٹس کی جن میں عالیہ ریاض، ندا ڈار، نتالیہ پرویز، سدرا نواز اور بسمہ معروف شامل تھیں۔

پریکٹس کے بعد ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی، دونوں ٹیموں کی کپتان ندا ڈار اور ہیلی میتھیوز نے ٹرافی کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر بنوائیں۔

پاکستانی کپتان ندا ڈار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے، ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جارہی سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹر چھکے نہیں مارتیں، گزشتہ سیریز میں چھکے لگا کر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تجربہ کار ٹیم بن چکی ہے، سیریز اچھی ہوگی، پاکستان کے خلاف سیریز کی بھرپور تیاری کی ہے، پاکستان ہوم گراؤنڈ پر سخت حریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہت بہتری آئی ہے، ہم نے یہاں آنے سے پہلے دبئی میں بھی ٹریننگ کی، دبئی کی کنڈیشن پاکستان سے ملتی جلتی ہے۔

واضح رہے کہ 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کراچی ہی میں کھیلی جائے گی۔