پاکستان کی معاشی نمو آئندہ چند سال میں 4 فیصد سے تجاوز کر جانے کی امید ہے: وزیرِ خزانہ

April 18, 2024

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زرِ مبادلہ ذخائر مضبوط اور شرحِ تبادلہ مستحکم ہے، پاکستان کی معاشی نمو آئند چند سال میں 4 فیصد سے تجاوز کر جانے کی امید ہے۔

یہ بات وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی جریدے بلوم برگ کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل اجلاس کے دوران کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن نئے معاہدے پر بات چیت کے لیے مئی میں پاکستان پہنچے گا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں متوقع ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں سالانہ روایتی 6 سے 8 فیصد سے زیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں، روپے کی قدر میں مزید کمی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ماضی میں ہوئے معاہدوں کے ساتھ روپے کی بے قدری ہوتی رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں روپے کی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں، اب پاکستانی روپے کی قدر میں اب سالانہ روایتی کمی 6 سے 8 فیصد سے زائد نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی حکومت کی زراعت، آئی ٹی اور صنعت پر توجہ ہے، ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔