امارات میں ایئرپورٹ پر پھنسے بیشتر مسافر وطن واپس پہنچ گئے، خواجہ آصف

April 19, 2024

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یو اے ای میں ایئرپورٹ پر پھنسے بیشتر مسافر الحمد للّٰہ وطن واپس آگئے ہیں، سفارتخانہ باقی مسافروں کے ساتھ رابطے میں ہے، ان کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات سے پاکستانی سفیر نے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کی تفصیلی رپورٹ بھجوادی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 16 اپریل کی شام یو اے ای میں 75 سال کی ریکارڈ بارش ہوئی۔ منگل کی شام تک دبئی میں 24 گھنٹوں کے دوران 142ملی میٹر سے زائد بارش ہوچکی تھی۔

خواجہ آصف کے مطابق دبئی میں سالانہ اوسط بارش 94.7 ملی میٹر ہوتی ہے۔ بارش کے پیش نظر ابوظبی، العین، دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ابوظبی، العین، دبئی اور شارجہ ایئر پورٹس پر پروازوں میں تاخیر بھی ہوئی اور پروازیں واپس بھجوائی گئیں۔ دبئی ایئرپورٹ پر صورتحال مزید سنگین تھی۔

انہوں نے کہا ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے، دبئی میں قونصلیٹ جنرل میں 24/7 ہیلپ لائنز قائم کی گئیں۔

خواجہ آصف نے کہا اندازے کے مطابق مختلف ممالک کے 60 ہزار مسافر صرف دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔ 150 کے قریب پاکستانی شہری بھی دبئی میں پھنس گئے تھے۔