• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث نظام زندگی مفلوج، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل


متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بالخصوص دبئی جہاں عام طور پر خشک آب و ہوا اور شدید گرم درجہ حرارت رہتا ہے، اس وقت موسمیاتی تبدیلی سے دوچار ہے۔

پیر کی رات سے ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث دبئی، شارجہ، ابوظہبی، راس الخیمہ سمیت مختلف علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شدید طوفانی بارشوں کے باعث یو اے ای کے صحرائی ممالک کو بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

غیر متوقع سیلابی صورتحال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جبکہ حکومت کی ہدایت پر اسکولوں میں ریموٹ لرننگ جبکہ دفاتر کے ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایات کی گئی ہیں۔

تاہم ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث بجلی منقطع ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

طوفانی بارش کے باعث دنیا کے مصروف ترین فضائی مرکز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جس کے سبب گزشتہ روز دبئی ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔ ایئرپورٹ پر آپریشن 25 منٹ تک غیر معمولی معطلی کے بعد بحال کیا گیا۔

دبئی کی مرکزی شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصوں پر بھی بارش کا پانی موجود ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں، گھروں اور رہائشی عمارتوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے، بڑے شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشن میں بھی بارش کا پانی موجود ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

مختلف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دبئی مال اور مال آف ایمریٹس جیسے بڑے شاپنگ سینٹرز سمیت شہر کا کلیدی انفراسٹرکچر سیلاب میں ڈوب گیا ہے جبکہ دبئی میٹرو اسٹیشن میں ٹخنوں تک پانی بھر گیا ہے۔ سڑکیں منہدم ہوگئیں، رہائشی کمیونٹیز زیر آب آگئیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید