اسلام آباد: پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آتشزدگی، وجوہات کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل

April 19, 2024

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کےبعد آگ پر قابو پایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق فائر بریگیڈ کی 11 گاڑیوں نے بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، پاکستان نیوی کی مدد بھی لے لی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ٹینکر میں پیٹرول ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکل پیش آئی۔

عرفان نواز میمن کا مزید کہنا ہے کہ ری فلنگ کےلیے آئے ٹینکر میں آگ لگی، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل

آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کےلیے ڈی سی اسلام آباد نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 6 رکنی کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر سٹی کریں گے، کمیٹی 3 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔