پیپلز پارٹی شعبہ خواتین فرانس کی تنظیم نو اور علامہ اقبال کی برسی کا پروگرام

April 24, 2024

پیرس (رضا چوہدری) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین فرانس کے زیر اہتمام شاعر مشرق مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین فرانس کی صدر روحی بانو نے کی جب کہ مہمان خصوصی ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ صدر پاکستان پیپلزپارٹی یورپ تھے۔ تقریب میں پیرس کی معروف سیاسی سماجی اور ادبی شخصیات کے ساتھ خواتین نے شرکت کی ۔تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی سعادت سارہ کرن نے حاصل کی۔ معروف شاعرہ مصنفہ ممتاز ملک نے نعت رسول مقبولﷺپیش کی ۔ شمیم خان نے علامہ اقبال کی شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ناصرہ خان نے روحی بانو کی فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی ان کو اور ہمت اور طاقت دے کہ یہ خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی رہیں ۔آصفہ ہاشمی نے علامہ اقبال کی شاعری کو سراہتے ہوئے روحی بانو کا شکریہ ادا کیا کہ ایسے پروگراموں سے رابطے استوار ہوتے ہیں۔فیشن ڈیزائنر نینا خان نے علامہ اقبال کی شاعری کو خراج تحسین پیش کیا۔ سارا کرن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ممتاز ملک نے علامہ اقبال کی شاعری کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ۔علامہ اقبال کے ایصال ثواب کے لئے قرآن پاک مختلف سورتوں کی تلاوت کی گئی۔اس موقع پر پاکستان کی خوشحالی و استحکام ،فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کی گئی ۔تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین فرانس کی صدر روحی بانو نے نو منتخب عہدیداران کا اعلان بھی کیا جس کے مطابق روحی بانو صدر،سارا کرن جنرل سیکرٹری ،فرحت عاشق سینئر نائب صدر، فردوس شفقت جوائنٹ سیکرٹری ، شبانہ احمد نائب صدر ، فرخ ناز نائب صدر،حمیرا عمران نائب صدر نامزد کی گئیں۔ اس موقع پر نامزد عہداران نے پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے اور وفاداری کا عہد کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے یہ غریب کی آواز اور شخصی آزادی کا نام ہے، ہم انشاء اللہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے اور پاکستان کو مضبوط خوشحال اور پرامن بنانے کی جدو جہد جاری رکھیں گے ،پاکستان زندہ باد۔