میڈیٹیرین غذائیں ہائی بلڈ پریشر سے بچانے کیلئے بہترین ہیں

April 25, 2024

لندن (نیوز ڈیسک) لوگوں کو فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر سے متاثر کرنے میں متعدد عناصر کردار ادا کرتے ہیں جن میں صحت کیلئے نقصان دہ غذا کا استعمال بھی شامل ہے۔ہائی بلڈ پریشر سے ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کے اکثر مریض اس بات سے لاعلم رہتے ہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں اور اسی وجہ سے اسے خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے۔ مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند غذاؤں کے استعمال سے اس سنگین مرض سے بچنا ممکن ہے۔ بحیرہ روم کے خطے میں استعمال کی جانے والی غذا یا Mediterranean ڈائٹ کا استعمال دل کی صحت بہتر بناکر بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے اسپین یونان، اٹلی اور فرانس جیسے ممالک کے شہریوں کی یہ عام غذا پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے (سرخ گوشت کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے) جس کو مختلف امراض جیسے امراض قلب، ذیابیطس اور موٹاپے کی روک تھام کیلئے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔ یورپین جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں 20برسوں تک غذا سے بلڈ پریشر پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ Mediterranean ڈائٹ استعمال کرنے والے طویل المعیاد بنیادوں پر ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ 46.5فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ تحقیق کے نتائج میں زور دیا گیا کہ غذائی عادات ہائی بلڈ پریشر متاثر ہونے یا تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج محدود ہیں کیونکہ اس میں صرف یونانی نژاد افراد کو شامل کیا گیا تھا، مگر ماضی کے شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ بحیرہ روم کے خطے کی غذا صحت کیلئے بہت زیادہ مفید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فردکیلئے Mediterranean ڈائٹ کا استعمال مشکل ہوتا ہے تو پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال کیا جائے جبکہ گریوں، اناج، بیجوں اور چربی سے پاک گوشت کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔