اگلے ماہ مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کر دیا جائیگا

April 25, 2024

ہتھنی مدھو بالا—فائل فوٹو

کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ اور کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کی سفاری پارک منتقلی کی تیاریاں مکمل کر لیں، اگلے مہینے مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کر دیا جائے گا۔

کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مدھو بالا ہتھنی کی کنٹینر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کی ٹریننگ مکمل ہو گئی، مدھوبا لا دن میں 3 سے 4 بار کنٹینر میں آتی جاتی ہے۔

کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ مدھو بالا ہتھنی کی منتقلی کے لیے کنٹینر سینکچوری میں ہی رکھا گیا ہے، سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینکچوری فور پاز کے تعاون سے بنائی جا رہی ہے۔

سفاری پارک انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فور پاز تنظیم کے ہائر کردہ آرکیٹیکٹ سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینکچوری تیار کر رہے ہیں، 15 سے 20 دن کے اندر سفاری پارک میں مدھو بالا کی سینکچوری تیار ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں نور جہاں ہتھنی کی کراچی چڑیا گھر میں موت کے بعد مدھو بالا ہتھنی اکیلی رہ گئی تھی۔

فور پاز کے ماہرین اور کے ایم سی انتظامیہ نے نور جہاں کی موت کے بعد مدھو بالا ہتھنی کو سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سفاری پارک میں ملکہ اور سونیا ہتھنی پہلے سے ہی موجود ہیں، مدھو بالا کے سفاری پارک منتقل ہونے کے بعد یہاں ہتھنیوں کی تعداد 3 ہو جائے گی۔