عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے کپڑے خریدنے کی جگہ اور قیمت بتا دی

April 14, 2024

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز 500 سے 800 روپے کی قیمت کا لان کا جوڑا پہنتی ہیں۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خدا نے مریم نواز کو ایسا خوبصورت چہرہ دیا ہے کہ انہیں زیادہ چیزیں لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ ایک یا دو چیزیں لگاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز بازار میں ملنے والے لان کے 500، 600 یا 800 روپے والے جوڑے خرید کر پہنتی ہیں، بات کپڑوں کی قیمت اور برانڈز کی نہیں ہوتی بلکہ اصل بات یہ ہے کہ کوئی ان کپڑوں کو کیسے پہنتا ہے، میں خود بھی ان سے انسپریشن لیتی ہوں۔

عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز چھوٹے برانڈ کے لان کے کُرتے پہنتی ہیں تب بھی وہ بہت حسین نظر آتی ہیں، وہ کسی کی نقل نہیں کرتیں بلکہ سب انہیں کاپی کرتے ہیں، مریم نواز زیادہ تر آن لائن شاپنگ کرتی ہیں۔