طالبات کے امتحانی مرکز میں مرد عملے کی موجودگی کا نوٹس لیا جائے ،روزینہ خلجی

May 04, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیئرپرسن کوئٹہ فاؤنڈیشن روزینہ خان خلجی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی سے اپیل کی ہے کہ ایف اے کے سالانہ امتحانات کے دوران گرلز کالج جناح ٹاؤن میں امتحانی سینٹر میں طالبات کو ایک مرد کی جانب سے مبینہ طور پر پیسے لیکر نقل فراہم کرنے ، میری بیٹی اور میرے ساتھ ہونے والی ناانصافی ، تشدد کرنے اور حبس بے جا میں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے فیمیل سینٹر میں مرد کی موجودگی اور سینٹر کے عملے کے ناروا اقدامات پر کارروائی کی جائے ۔ یہ بات انہوں نے اپنی بیٹی طالبہ آئمہ بی بی کے ہمراہ جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی ایف اے کا امتحان دے رہی ہے جمعہ کو سیکنڈ شفٹ کیلئے پیپر دینے گئی تو 3 بجے مقررہ وقت کی بجائے ساڑھے تین بجے پیپر شروع کیا گیااور مقررہ وقت ساڑھے پانچ بجے کی بجائے میری بیٹی سے پونے 5 بجے پیپر لے لیا گیا جب مجھے میری بیٹی نے اس کی اطلاع دی تو میں مذکورہ سینٹر پہنچی جہاں پر امتحانی عملہ کی موجودگی میں ایک مرد طالبات سے 2,2 سو روپے لیکر مبینہ طور پر نقل فراہم کررہا تھا سینٹر میں موجود نقل کی پرچیوں کی جب ہم نے ویڈیو بنانی شروع کی تو مذکورہ مرد نے بلوچستان جیسے قبائلی صوبے میں ہم پر ہاتھ اٹھایا اور تشدد کی ہال میں موجود خواتین امتحانی عملہ اور طالبات بھی یہ منظر اپنی نظروں سے دیکھتی رہیں بعد میں چند طالبات نے ہمیں تشدد کرنے والی خواتین اور دیگر سے نجات دلائی اس موقع پر امتحانی عملے نے تمام طالبات کو تنبیہ کی کہ اگر کسی نے اس واقعہ کے بارے میںہماری مدد کی یا اس بارے میں کسی کو کچھ بتایا تو آئندہ ہونے والے پیپروں میں تمام طالبات کو فیل کردیں گے انہوں نے کہا کہ میری بچی کے خلاف کوئی بھی کارروائی کی جائے میں بے عزتی برداشت نہیں کرسکتی ۔ حکومت اور محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں ۔