چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘ شرکت گاہ وومن ریسورس سینٹر

May 18, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)شرکت گاہ وومن ریسورس سینٹر کے زیر اہتمام بول اٹھو گروپ ایکشن پلان اور صوبائی چارٹر آف ڈیمانڈ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں انسانی حقوق کے کارکن اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے متحرک کارکنوں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے تعلیم و صحت اور بچوں کے تحفظ کے قانون پر عمل درآمد میں تاخیر اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا اور تجاویز پیش کیں، اس موقع پر شرکاء نے مختلف گروپ تشکیل دئیے جو متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں محکمہ تعلیم کے بجٹ کو 5 فیصد سے بڑھاکر 10 فیصد کیا ، اسکولوں میں لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا ، گھوسٹ اساتذہ اور اسکولوں کی نشاندہی کی اور بچوں کیلئے ٹرانسپورٹ سروس کو یقینی بنایا جائے ۔ خواتین کو درپیش مسائل حل کرکے شکایت کے اندراج کیلئے صوبائی خاتون محتسب کی تعیناتی ، ضلعی سطح پر ہراسمنٹ فوکل پوائنٹ ، ڈویژنل سطح پر شیلٹر ہومز اور صوبائی سطح پر آرفن ہاؤس کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔ خواتین کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین کی دستیابی کو یقینی ، خواتین ،خواجہ سراؤں اور افراد باہمی معذوران کے ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار آسان ، وومن اینڈ جینڈر رسپانس بجٹ کو یقینی بنانے کیلئے پری بجٹ سیشن کا انعقاد کیا جائے ۔ تمام اضلاع میں سانپ اور بچھو کے کاٹے کی ویکسین فراہم اور تربیت یافتہ عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔ بلوچستان میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2016 پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جلداس کے رول آف بزنس اور وومن پروٹیکشن بل پاس کرکے اس کو حتمی قانونی شکل دی جائے۔