جسٹس طارق محمود کو دھمکیاں دینے والے ملزم کیخلاف مقدمہ درج

May 26, 2024

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر)جسٹس طارق محمود عباسی کو واٹس ایپ کالز کے ذریعے دھمکیاں دینے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا،تھانہ نیوٹاؤن کو کانسٹیبل خالدمحمودنے بتایاکہ جسٹس طارق محمود عباسی کے ساتھ بطور گارڈ ڈیوٹی دے رہاہوں، 28اپریل کو فون نمبر سے متعددواٹس ایپ کالز جسٹس صاحب کو موصول ہوئیں ،کال کرنے والے کانام اعجاز عرف کھوڑوولد ممتاز ساکن گلشن دادن خان مری روڈ راولپنڈی حال مقیم بیرون ملک تھا ،مذکورہ شخص نے جسٹس صاحب کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ،جسٹس صاحب نے سارامعاملہ علاقے کے معززین کے نوٹس میں لایا،جنہوں نے جسٹس صاحب کویقین دہانی کرائی کہ مذکورہ شخص اس طرز عمل اور پرتشدد رویہ کا ازالہ کرے گا،جس پر جسٹس صاحب نے وقتی طور پر قانونی کارروائی معطل کردی مگر مذکورہ شخص باز نہ آرہاہے اور بیرون ملک بیٹھ کر جسٹس صاحب کو شدید نقصان پہنچانے کے لئے سازشیں کررہاہے، اس نے اپنی سازشوں میں اپنے بھائیوں شکیل عرف بھاشانی اور سیف اللہ کوبھی شامل کرلیاہے ،ان سب نے کرائے کے انتشار پسند بھی حاصل کررکھے ہیں یہ سب کسی بھی وقت تخریب کاری کرتے ہوئے جسٹس صاحب ،ان کی فیملی اور جائیدادیں واقع اسلام آباد راولپنڈی اور آبائی گاؤں ملکوٹ کوشدید نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ،لہذا فی الفور قانونی کارروائی ضروری ہے جس پر تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے 25ڈی ٹیلی گراف ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ۔