اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کے تحت اسپیشل افراد کا مظاہرہ

May 27, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے تحت اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شارع فیصل پر ہونے والے تاریخی ”غزہ ملین مارچ“کے سلسلے میں ملینیم مال پر معذور اوراسپیشل افراد کا احتجاجی مظاہرہ ہوا، شرکاء نے اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے،مظاہرے میں گویائی و سماعت سے محروم بچے،بوڑھے،جوان مردو خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا، سیف الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی افراد نے آج مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ معذوری کچھ کر گزرنے کے لیے رکاوٹ نہیں بنتی،مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ،قائم مقام امیر ضلع شرقی وگلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد، نائب امیر ضلع نعیم اختر، گلشن اقبال ٹاؤن کے کونسلر ڈاکٹر اقبال،ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ریحان، نائب صدر حسین علی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جب کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔