کراچی، بکروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے میاں بیوی زیرحراست

June 15, 2024

فائل فوٹو

کراچی میں بکروں کے مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے میاں بیوی بیوپاریوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق قربانی کے جانوروں کے دانت پورے کرنے کے لیے پلاسٹک کی اسٹرا کو کاٹ کر دانت بنائے گئے تھے۔

گلبرگ چورنگی پر بکروں کے مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے بیوپاری پکڑے گئے، خریداری کے لیے آنے والے شخص نے دانتوں کی جانچ کی تو دانتوں کو مصنوعی پایا، خریدار نے مصنوعی دانت نکال کر ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔

سمن آباد تھانے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے بیوپاری میاں بیوی کو 7 بکروں سمیت حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، حراست میں لیے جانے والے بیوپاریوں میں میاں بیوی شامل ہیں۔

قربانی کے جانوروں کے دانت پورے کرنے کے لیے پلاسٹک کی اسٹرا کو کاٹ کر دانت بنائے گئے تھے۔

دوسری جانب حیدرآباد سے جانور بیچنے کراچی آنے والے میاں بیوی کا کہنا ہے کہ دانت مصنوعی ہونے کا علم نہیں تھا، ہمارے ساتھ تو خود فراڈ ہوا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ جانوروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے سے متعلق گشت پر مامور پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی تھی تاہم مصنوعی دانت لگا کر بیچنے کے حوالے سے کوئی مدعی تھانے شکایت لے کر نہیں آیا، واقعے کی مزید قانونی تفتیش کی جارہی ہے۔