امریکہ نے بھی تسلیم کرلیا،پاکستانی الیکشن جعلی تھے،تحریک انصاف

June 27, 2024

کوئٹہ (پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اﷲ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ا ب امریکہ نے بھی یہ بات تسلیم کر لی کہ 8فروری کو پاکستان میں ہونے والے الیکشن جعلی تھے اور انکی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں قوم نے جس طرح گھروں سے نکل کر تحریک انصاف کے حق میں ووٹ استعمال کیا وہ انقلاب تھا مگر انتہائی بھونڈے اور سفاک طریقے سے تحریک انصاف کی تاریخی فتح کو شکست میں تبدیل کیا گیا، پارٹی قائد نے شروع میں ہی کہہ دیا تھا کہ یہ الیکشن جعلی ہیں اور آج امریکہ نے بھی یہ بات تسلیم کر لی ہے ،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے 8فروری کے الیکشن میں کلین سویپ کیا مگر فار م47کے ذریعے جعلی لوگوں کو کامیاب کرایا گیا مگر آج دنیا تسلیم کررہی ہے کہ تحریک انصاف فاتح ہے۔