امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے نے وفاقی ایجنسیوں کے اختیارات پر پابندی عائد کردی

June 29, 2024

واشنگٹن (اے ایف پی) قدامت پسندوں کی اکثریت کی حامل امریکی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز وفاقی اداروں کی طاقت کو کمزور کرنے کے لیے 40سالہ قانونی نظیر کو منسوخ کر دیا،جو فضائی آلودگی سے لیکر خوراک اور دواؤں تک امریکیوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے بے شمار مسائل کو کنٹرول کرتی ہیں۔ چیف جسٹس جان رابرٹس کی طرف سے لکھی گئی اکثریتی رائے میں کہا گیا ہے کہ عدالتیں کسی ایجنسی کے قانون کی تشریح کو محض اس لیے موخر نہیں کر سکتیں کہ قانون مبہم ہے۔ اس معاملے کا مرکز شیورون بمقابلہ قدرتی وسائل دفاعی کونسل کا 1984کا ایک فیصلہ ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر زبان مبہم ہے تو ججوں کو قانون کی معقول تشریح کا تعین کرنے کے لیے حکومتی اداروں سے رجوع کرنا چاہیے۔ اس وقت یہ مقدمہ ریپبلکن صدر رونالڈ ریگن کی انتظامیہ کے لیے ایک جیت تھا، جس نے ملک کے ترقی پسند وفاقی ججوں پر الزام لگایا کہ وہ کارپوریٹ امریکہ کو غیر ضروری اور پابندی والے سرخ فیتے کے نیچے دفن کر رہے ہیں۔