شہر میں امن کے حوالے سے رینجرز کے کریڈٹ پر سوالیہ نشان ہے، ایم کیو ایم

June 29, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ مرکزی کمیٹی نے گلستان جوہر میں دبئی ہاؤس کے نزدیک ڈکیتی کی واردات کے نتیجے میں گلستان جوہر ٹاؤن، یوسی ڈی کے کارکن محمد نعمان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اراکینِ کمیٹی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو جب کوٹہ سسٹم سے شکست نہیں دی جا سکی تو اب انکی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ سندھ حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے نیز رینجرز بھی شہر میں عرصہ دراز سے تعینات ہے اور شہر کی امن کی بحالی کا کریڈٹ لیتی ہے، اس نوعیت کے واقعات ان کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔ کراچی میں ہر روز نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ محمد نعمان بھی گھر کا واحد کفیل تھا، کراچی والے کب تک یہ ظلم سہتے رہینگے اور اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرتے رہینگے۔