پاک چین اشتراک سے بیلٹ اینڈ روڈز انوسٹمنٹ فورم کا پالیسی ڈائیلاگ

June 29, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ون بیلٹ ون روڈ انوسٹمنٹ فورم کا اعلیٰ سطح کا پالیسی ڈائیلاگ جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقیات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال‘ وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب خان‘ پاکستان میں مقیم چین‘ سعودی عرب‘ ترکی‘ قازخستان‘ ترکمانستان اور ازبکستان کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ ریٹائرڈ سفیر نغمانہ ہاشمی جو چین میں پاکستان میں سابقہ سفیر رہی ہیں بھی اجلاس کے شرکاء میں شامل تھیں۔ ون بیلٹ ون روڈ انوسٹمنٹ فورم پرائیویٹ سیکٹر کی قیادت کی پہلا علاقائی اقتصادی فورم ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کی مشاورت سے پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے مشترکہ طور پر اس فورم کی میزبانی کی۔ اعلیٰ سطحی ڈائیلاگ میں ایک ارب امریکی ڈالر کے مشترکہ منصوبے کے فنڈز کے قیام‘علاقائی اقتصادی زون کے قیام اور علاقائی منڈی کیلئے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تعمیر جیسے منصوبوں پر بحث ہوئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے فورم میں شریک دوست علاقائی ممالک کے تمام سفیروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بروقت اقدام ہے۔ دنیا ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہے۔ 2000ء میں عالمی جی ڈی پی کا حصہ 13فیصد تھا‘ پچھلے سال یہ 35فیصد ہو گیا۔ 2035ء تک عالمی جی ڈی پی میں ایشیائی ممالک کا حصہ پچاس فیصد ہو جائیگا۔ ہمیں اس خطے کو امن‘ استحکام اور خوشحالی کا گڑھ بنانا ہے۔ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈز کے فلیگ شپ منصوبوں میں سے ایک تھا۔