ملک عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، فاطمہ نذر ایڈووکیٹ

July 16, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ لائرز فورم فار جوڈیشل ریفارمز بلوچستان چیپٹر کی صدر فاطمہ نذر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ،ہماری تنظیم عدل کے نظام کو بہتر بنانے ، عوام کو انصاف کی فراہمی ، کرپشن ، جعل سازی ، اختیارات کے ناجائز استعمال کے روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر رخسانہ خان کاکڑ ایڈوکیٹ ، کائنات ایڈوکیٹ ، حبیبہ ایڈوکیٹ ، بلاول ایڈوکیٹ، امر ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ینگ لائرز فورم فارجوڈیشل ریفارمز بلوچستان چیپٹر کا قیام عدل کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے ،انصاف کا حصول ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے ، وکلاء ہماری تنظیم کا حصہ بن کر عوام کو جلد اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظام عدل کو مزید بہتر کرنے کے لئے جوڈیشل ریفارمز کرنا ہوں گی ۔ ینگ لائیرز فورم فار جوڈیشل ریفارمز کے قیام کا مقصد ملک میں عدل کے نظام کی بہتری کیلئے تجاویز اور سفارشات مرتب کرنا ہے، نئے قوانین اور جدید قانون سازی کے متعلق سفارشات اور جو قانون بن چکے ہیں ان پر عملدرآمد کرانا ہے،نئے وکلاءکے لئے سالانہ انٹر شپ کا انعقاد، بے سہارا مظلوم لوگوں اور خواتین کو مفت انصاف کی فراہمی ، معمولی جرمانے ادا نہ ہونے کی وجہ سے جیل میں بند قیدیوں کی معاونت بھی کریں گے۔ ان تمام اقدامات کا آغاز مچ جیل سے کررہے ہیں۔