حکومت کی بچگانہ سوچ سے ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، علی احمد کرد

July 16, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر علی احمدکرد ایڈووکیٹ نے کہاہےکہ موجودہ حکومت کی بچگانہ سوچ کے باعث ملک ایک بڑی تباہی کی طرف جارہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ ساری انسانی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں اورجب بھی بڑی سلطنتیں بنی اور پھیلتی چلی گئی یہ صرف تلوار اور طاقت کے بل بوتے پہ قائم نہیں ہوئیں بلکہ ان میں سب سے اہم کردار ذہین لوگوں کا رہا ہے اور جب یہی سلطنتیں زوال سے دو چار ہوئی ہے تو اس کی وجہ حکومتوں میں ذہین لوگوں کا فقدان ہونا رہا ہے آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے بغیر سوچے سمجھے ہورہا ہے آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے مرکزی وزیر عطا تارڑ کے مطابق حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے اورمرکزی لیڈروں بشمول عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری جیسے سنگین جرم کا ریفرنس داخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے حکومت ایسی جتنے بھی اقدامات کرنا چاہتی ہے وقت بتائے گا کہ آئین اور قانون میں ان کی رتی بھر اہمیت نہیں، کتنی عجیب اور مضحکہ خیز بات ہے کہ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت اور صرف دو دن پہلے سپریم کورٹ نے بطور سیاسی جماعت اس کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کا فیصلہ اس کے حق میں کیا اور ابھی 48 گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ حکومت بضد ہے کہ اس جماعت کو غدار ڈیکلیئر کر دیا جائے،اس طرح کے اقدامات اور منصوبوں کا جو شدید رد عمل آئیگا۔