دلکش ویرانڈا....بڑھائے گھر کی شان

April 12, 2018

ویرانڈا گھر کی ایک ایسی جگہ ہوتی ہے، جہاں بیٹھ کر آپ بیک وقت گھر کے باہر کے موسم اور گارڈن سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ باہر کے سخت موسم سے بھی خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ویرانڈا کے بارے میں یہ بھی کہاجاسکتا ہے کہ گھر میں یہ وہ جگہ ہوتی ہے ، جہاں آپ کو گھر کی چار دیواری سے باہر وقت گزارنے کا زیادہ سے زیادہ موقع ملتا ہے۔

آپ ہر طرح کی عمارت کے ساتھ ویرانڈا تعمیر کرسکتے ہیں، کیوںکہ اس کا تعمیراتی ڈیزائن بہت ہی سادہ لیکن دلکش ہوتا ہے۔ گھر بیٹھے باہر کی ٹھنڈی ہوا اور پر تکلف مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ویرانڈا سے زیادہ مددگار بھلا کیا ہو سکتا ہے؟ یہ گھر کا وہ حصہ ہے، جسے آپ اپنی مرضی کے مطابق بیش بہا طریقوں سے سجا کر کارآمد بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ گھر کے باہر کھانا کھانا پسند کرتے ہیں، تو آپ اس میں کھانے کی میز کا اضافہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ قدرت سے لگاؤ رکھتے ہیں تو پودے لگانے کے لیے ویرانڈا سے بہتر جگہ اور کوئی نہیں۔ اور تو اور، اگر آپ انفرادیت پر یقین رکھتے ہیں، تو آپ اس میں ایک تالاب بھی بنوا سکتے ہیں۔ غرضیکہ آپ کے پاس موجود انتخابات کی کوئی حد نہیں ہے۔ تو محض چند روایتی اندازوں سے کیوں جڑا رہا جائے؟ کیوں نہ ویرانڈاکو گھر کے ایسے حصے میں تبدیل کر دیا جائے، جسے کوئی بھی دیکھنے والا سراہے بغیر نہ رہ سکے؟ جہاں قدم رکھتے ہی آپ سکون و طمانیت کے احساس سے گھر جائیں اور جہاں آپ اپنے دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ مل بیٹھ کر گپیں لڑا سکیں۔ تو انتظار کس بات کا؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ اپنے گھر کے ویرانڈا کو کس طرح دلکش بناسکتے ہیں۔

گملے

خوبصورت اور مناسب سائز کے گملے ویرانڈا کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ان گملوں میں مختلف اقسام اور سائز کے چھوٹے موٹے پودے اور پھول لگا لیں تو ویرانڈا کی خوبصورتی بڑھ جائےگی۔ اس کے علاوہ چھت سے لٹکائے گئے چھوٹے گملے اور اس میں لٹکائی گئی خوب صورت پتیاں اور باریک چھوٹے پھول بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ بالکنی کی جالی میں لگا کر باہر کی طرف چھوٹے چھوٹے رنگین گملے آپ کے ویرانڈا کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

جھولا

ایک خوبصورت درمیانے سائز کا جھولا بھی ویرانڈاکی خو ب صورتی بڑھا سکتا ہے۔ جدید وضع کے جھولے بے شمار اقسام میں بازار میں دستیاب ہیں۔ آپ انہیں لا کر اپنے ویرانڈا کی رونق بڑھا سکتے ہیں۔ ان جھولوں کی پینگیں زیادہ تیز یا اونچی نہیں ہوتیں مگر دھیمے دھیمے ہلکورے لیتے ہوئے اس جھولے میں بیٹھ کر آپ نا صرف اپنے ہلکے پھلکے کام سرانجام دے سکتے ہیں بلکہ اپنا مطالعہ بھی جاری رکھ سکتے ہیں اور اپنے دوستوں سے گپ شپ بھی جاری رکھ سکتے ہیں جو آپ کو کسی حد تک تازہ دم کردےگا۔

روشنی

روشنیاں، ویرانڈا کی سجاوٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ دن کے وقت تو دھوپ ہی اسے روشن کیے رکھتی ہے مگر شام کے وقت آپ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ نئے سے نئے انداز کی روشنیاں لگا کر سب کو حیران کر دیں۔ یہاں آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ روشنیاں مدھم ہوں تاکہ رات کا اصل رومانوی احساس اور خوب صورتی برقرار رہے۔ مگر اگر آپ شام کے وقت یہاں اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں تو ضرورت کے وقت چند تیز روشنیاں لگانے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ اگر آپ چاہیں تو یہاں چھوٹا سا آتش دان بھی بنوا سکتے ہیں جو سردیوں میں تپش کے ساتھ ساتھ روشنی بھی دے گا۔

اِ ن ڈور، آؤٹ ڈور ویرانڈا

اگر آپ بنگلے میں رہتے ہیں تو ویرانڈا کو سجانے کے آپشنز کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ مثلاً آپ ایک ایسا ویرانڈا ترتیب دے سکتے ہیں، جو اوپن اور کلوز اسپیس کو ضم کردے۔یہ ویرانڈا آپ کے گھر کا ملٹی فنکشن پوائنٹ بن سکتا ہے، جہاں سردیوں میں آپ سورج کی گرم دھوپ کے مزے لے سکتے ہیں، جب کہ گرمیوں میںاگر دروازے کھول دیں تو ایک بڑا ویرانڈاباہیں کھولے آپ کے سامنے ہوگا۔

زیادہ بچھونے بچھائیں

آرام دہ تکیوں کے ساتھ فرش پر لکڑی کے بچھونے بچھائیں تا کہ آپ کے مہمان ہمیشہ سکون سے بیٹھ سکیں۔

عمودی (Vertical) گارڈننگ

ویرانڈا کو خوشگوار بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس میں زیادہ سے زیادہ پھول اور پودے لگائیں۔ تاہم اگر آپ یہ سوچ رہے ہیںکہ ویرانڈا میں پھول اور پودوںکی جگہ کیسے بنائی جائے تو پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں۔

اس مسئلے کا حل Vertical Gardeningہے۔اس کا سادہ سامطلب یہ ہے کہ آپ ویرانڈا کے دیواروں کے ساتھ خانے اور شیلف بنوائیں، جہاں آپ اس سے کہیں زیادہ پھول اور پودے رکھ سکتے ہیں، جتنے غالباً آپ ویرانڈا میں زمین پر رکھ سکتے تھے۔