متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر نے پاکستان کے دورے کی باضابطہ ویڈیو جاری کر دی ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اماراتی صدر کے دورۂ پاکستان کے اہم لمحات اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو نمایاں کیا گیا ہے، جسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں 3 مختلف زبانوں عربی، انگریزی اور اردو میں لکھا ہے کہ اسلام آباد میں وزیرِاعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انسٹا پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے كا خواہاں ہے۔
یہ ویڈیو متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر تیزی سے ٹرینڈ کر رہی ہے اور مختلف عرب ممالک میں بھی وائرل ہو چکی ہے۔