• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جج کے نام پر دھوکا، بزرگ خاتون 3 کروڑ 71 لاکھ روپے سے محروم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بھارتی شہر ممبئی میں رہنے والی 68 سالہ ریٹائرڈ خاتون سے آن لائن اسکیمرز نے خود کو سابق چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ، سی بی آئی اور پولیس افسران ظاہر کر کے 3 کروڑ 71 لاکھ روپے کی رقم بٹور لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اگست میں انہیں سب سے پہلے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے خود کو پولیس افسر بتایا۔ اس کے بعد مختلف موبائل نمبرز سے واٹس ایپ پر ویڈیو کالز کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

 آن لائن دھوکا دہی کا نشانہ بنانے والے لٹیروں نے دعویٰ کیا خاتون کے آدھار کارڈ کا غلط استعمال کر کے ایک بینک میں جعلی اکاؤنٹ کھولا گیا جس کے ذریعے 6 کروڑ روپے کی غیر قانونی لین دین کی گئی ہے۔

متاثرہ خاتون کے مطابق جب اُنہوں نے کہا کہ ان کا اس بینک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں تو ملزمان نے سی بی آئی کے لوگو والے جعلی دستاویزات اور فرضی پولیس شکایت کی تصاویر بھیج دیں۔

ملزمان نے خاتون کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اس حوالے سے کسی سے بات کی تو اِن کے اہل خانہ کو گرفتار کر لیا جائے گا، بزرگ خاتون کو بتایا گیا کہ وہ 24 گھنٹے کی نگرانی میں ہیں اور ان کا کیس چل رہا ہے۔

اسی دوران ایک شخص نے اِنہیں ویڈیو کال کی اور خود کو ’جج چندرچوڑ‘ بتایا۔ اس نے خاتون سے سوالات کیے اور بعد میں کہا کہ ان کی ضمانت مسترد کر دی گئی ہے۔ 

اس کے بعد خاتون کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی تمام رقم کی ’جانچ‘ کے لیے بینک کھاتوں میں منتقل کریں تاکہ رقم کی قانونی حیثیت ثابت ہو سکے۔ خوف کے عالم میں خاتون نے اپنے میوچل فنڈز تڑوا کر مختلف بینک اکاؤنٹس میں کل 3 کروڑ 71 لاکھ روپے منتقل کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جب ملزمان نے مزید رقم کا مطالبہ کیا تو خاتون کو احساس ہوا کہ وہ آن لائن دھوکے کا نشانہ بن چکی ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے سائبر پولیس میں شکایت درج کروائی اور چیٹ ریکارڈز، کال ڈیٹیلز، بینک اسٹیٹمنٹس اور لین دین کی تمام تفصیلات پولیس کو فراہم کیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سائبر پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید