’بلاول کو بچہ کہنے پر پیپلز پارٹی کا فواد چوہدری کو جواب‘

January 15, 2019

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بچہ کہنے پرمرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کا مستقبل ہیں، بچہ کہنے والوں کو میرے چیئرمن بلاول بھٹو نے ہر جگہ شکست دی ہے۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری صاحب آپ کے سیاسی بڑوں کو بھی بلاول بھٹو سے سیاست سیکھنے پڑے گی۔ آج کے حکمرانوں میں ضیا الحق کی روح داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جیل سے باعزت بری ہوچکے، نواز شریف جیل میں ہیں اب جیل جانے کی باری حکمرانوں کی ہے۔جب موجودہ حکمران جیل جائیں گے تو فواد کس پارٹی میں جائو گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان غروب ہو رہا ہے، بار بار پارٹیاں بدلنے والے تیرا کیا ہوگا کالیا، حکمران قومی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب سے آج تک بلاول بھٹو سے شکست کھاتے آ رہے ہیں، بلاول بھٹو کے ہاتھوں شکست کی شرمندگی چھپانے کیلئے بچہ بچہ کہہ رہے ہیں۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ درست ہے کہ تمہاری عمریں بڑی ہیں، مگر قیادت کیلئے فہم و فراست اور تدبر چاہئے، مولابخش چانڈیو قوم کی قیادت کیلئے تدبر، وطن پرستی اور قربانی کا جذبہ چاہئے سینیئا رٹی نہیں۔بلاول بھٹو اس خاندان کے چشم و چراغ ہیں جس نے چھوٹی عمر میں پاکستانی سیاست کے سامری جادوگروں کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ فتح کرنے کا خواب دیکھنے والے خود اپنے لئے ڈرائونا خواب بن چکے ہیں، سندھ کے عوام نے پی پی اور ہمارے قائد نے مراد علی شاہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، مراد علی شاہ کو غیرآئینی طریقے سے ہٹانے کے ہتھکنڈے وفاق کے ساتھ کھلواڑ ہوگا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری پہلے بھی مقدمات سے باعزت بری ہوئے اب بھی سرخرو ہوں گے، فواد چوہدری دبئی، نیوجرسی کے جائیدادوں اور پارٹی فنڈ کا حساب تو دیں۔