’’کرپشن ثابت نہ ہوئی تو بلٹ پروف گاڑیوں کا مقدمہ بنادیا‘‘

May 23, 2019

سابق وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے، وہ 3 بار ملک کےوزیراعظم رہے، ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو اب بلٹ پروف گاڑیوں کا مقدمہ بنادیا گیا۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر نواز شریف نے کہا کہ انہیں آج بھی معلوم نہیں کہ کس مقدمے میں جیل میں ہوں، وزیرا عظم کی کرسی پہ بیٹھا رہا ایک مقدمہ اس کرسی پہ بھی بنا دیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو واپس لینے سے انکار کر دیا۔

ملاقات میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملکی صورت حال کےبارے میں استفسار کیا تو انہیں مہنگائی اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا گیا ، اس پر نواز شریف نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی، عوام ہمارے دور یاد کرکے ہمارے اقدامات کو سرا رہے ہیں۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو کے افطار ڈنر اور ن لیگ کے پارٹی اجلاس کےبارےمیں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام جماتیں حکومت کے خلاف احتجاج کے موڈ میں ہیں، تاہم حتمی فیصلہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اے پی سی میں ہوگا ۔

ذرائع کے مطابق جب نواز شریف کو بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی بھی سخت احتجاج کے موڈ میں ہے تو وہ مسکرا دیئے۔