بین اسٹوکس’نیوزی لینڈر‘ایوارڈ کیلئےنامزد

July 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


عالمی کرکٹ ورلڈکپ 2019کے فائنل میں انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والےآل راؤنڈ ر بین اسٹوکس کو ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر ایوارڈ‘ کے لئے نامزد کر دیا گیا ہے۔

بین اسٹوکس نے انگلینڈ کو کرکٹ ورلڈ کپ جتوانے میںبہت زیادہ محنت کی تھی۔انہوں نے ورلڈکپ میں66 اعشاریہ 44 کی اوسط سے 465 رنز بنائے جبکہ مجموعی طور پر 7وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

ورلڈ کپ کے فائنل میںبہترین کارکردگی پیش کرنے پر پلیئر آف میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے بین اسٹاکس کونیوزی لینڈ کے سب سے معتبر قومی اعزاز کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں شامل بین اسٹاکس کا آبائی تعلق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ سے ہے۔ بین اسٹاکس انگلش کرکٹ ٹیم سے کھیلتے ہیں تاہم اُن کے والد گیرارڈ اسٹوکس اب بھی نیوزی لینڈ میںہی مقیم ہیں۔12سال کی عمر میں وہ انگلینڈ چلے گئے تھے، انہوں نے انگلینڈ میں قیام کرنے کو ترجیح دی۔

چیف نیوزی لینڈر ایوارڈ نے بین اسٹوکس کو ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بین اسٹوکس نیوزی لینڈ کی جانب سے نہیں کھیلے لیکن وہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیدا ہوئے اس لیے انہیں اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیاہے۔

قابل ِ ذکر بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کو بھی اس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا گیا ہے۔ انہیں ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر کرکٹ ٹیم کی بہترین نمائندگی کرنے پر ایوارڈکے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔

کین ولیمسن نے ورلڈ کپ کے 11 میچز میں 578 رنز اسکور کئے جو کسی بھی کپتان کی جانب سے ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز ہیں، اس کے علاوہ ولیمسن پلیئر آف ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔