سوہنی مہینوال

August 06, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


گجرات میں جنم لینے والی لوک داستان، شہداد پور میں ختم ہوئی

بر صغیرپاک و ہند کے خطے، سندھ ، پنجاب، بلوچستان، یا خیبر پختون خوا میں محبت کی چند ایسی عشقیہ داستانوں نے جنم لیا جو ہمیشہ کے لیے اَمر ہوگئیں۔ ہیر رانجھا،شیریںفرہاد،لیلیٰ مجنوں، سسی پنوں، نوری جام تماچی، مومل رانو، سسّی پنوں اور سوہنی مہنیوال کے چرچے آج بھی زبان زد عام ہیں۔ سندھ دھرتی کے عظیم صوفی شاعر، شاہ عبداللطیف بھٹائی نے بھی اپنے شعری مجموعوں میں ان میں سے بعض داستانوں کا تذکرہ بیان کیا ہے جس کی وجہ ان کہانیوں کے کردار پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی مقبول ہیں۔ ان حقیقی داستانوں پر مبنی ہالی وڈ،بالی وڈ اور لالی وڈ میں پریم کہانیوں پر مبنی کئی فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔جن علاقوں میں ان عشاق کی قبریں ہیں ، پریم کہانیوں اورشاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام سے استفادہ کرکے ملک اور بیرون ملک سے سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال انتہائی تلاش و بسیار کے بعد ان میں دیئے گئے مرکزی کرداروں کی قبروں پر پہنچتی ہے اور ان کے حق میں اللہ تعالیٰ کے حضور مغفرت کی دعائیں کرتی ہے۔ ایسی ہی ایک پریم کہانی سوہنی مہینوال کی ہے، جوسندھ اور پنجاب کی چوپالوں میں صدیوں سے بیان کی جاتی ہے اور لوگ اسے انتہائی ذوق و شوق سے سنتے ہیں۔

بعض تذکرہ نویسوں کے مطابق مہینوال ، جس کا اصل نام عزت بیگ تھا، اس کا تعلق بخارا سے بتایا گیا ہے ۔حسن و جمال کا پیکر سوہنی ،گجرات کے ایک کمہار عبداللہ کی بیٹی تھی جو مٹی کےدیدہ زیب برتن بناکر فروخت کرتا تھا، جس سے اس کے خاندان کی گزر بسر ہوتی تھی۔ سوہنی بھی ظروف سازی میں اپنے باپ کا ہاتھ بٹایا کرتی تھی۔ سوہنی اس قدرحسین تھی کہ اُس کے حُسن کا شہرہ دور دراز کے علاقوں تک پھیلا ہواتھا۔ بخارا کے ایک مالدار ترین کاروباری شخصیت کا بیٹا ،عزت بیگ تجارت کی غرض سے گجرات آیا اور کاروبارکی غرض سے وہیں مقیم ہوگیا۔ ایک روز عزت بیگ برتن خریدنے کی غرض سے عبداللہ کمہارکےگھر پہنچاتو اُس کی نظر وہاں موجود سوہنی اور سوہنی کی نظریں عزت بیگ پر پڑیں تو دونوں پر سکتہ طاری ہوگیا اور دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔اس کے بعد سے عزت بیگ ہر روز برتن خریدنے کے بہانے سوہنی کےگھر جاتا ہے اور نہ صرف ڈھیر سارے برتن وہاں سے خرید کرلے جاتا ہے بلکہ مزید برتنوں کا آرڈر بھی دے آتا ۔رفتہ رفتہ عزت بیگ اپنے کاروبار سے لاتعلق ہوتا گیا اور اس کی دنیا صرف سوہنی کی محبت تک محدود ہوگئی۔ کاروبار تباہ ہونے کے بعد عزت بیگ بالکل قلاش ہوگیا، بخارا واپس جانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔ ایک روز وہ سوہنی کے باپ عبداللہ کے پاس آیا اور اس سے درخواست کی کہ وہ اُسے اپنے پاس ملازم رکھ لے ۔عبداللہ کمہار کو بھی دیگر کاموں کے لیے ایک مدد گار کی ضرورت تھی، اس نے اُسے اپنے پاس ملازم رکھ لیا ۔ عزت بیگ کو مویشی چرانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ملازمت ملنے کے بعد، عزت بیگ سوہنی کے گھر کے قریب ہی رہائش اختیار کرلیتا ہے اور عبداللہ کے مویشیوں کو چرانے کا کام شروع کردیتا ہے۔ کیوں کہ اس علاقے میں چرواہے کو ’’مہینوال‘‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا ، اس لیے عزت بیگ بھی مہنیوال کے نام سے مشہورہوگیا اور لوگ اس کا اصل نام بھولتے گئے۔عبداللہ کمہار کی ملازمت ملنے کے بعداس کی سوہنی سے قربت بڑھتی گئی اور ایک وقت ایسا آیاکہ سوہنی اور مہنیوال کے عشق و محبت کی داستان نہ صرف سوہنی کے باپ بلکہ دور دراز کے علاقوںتک جا پہنچی۔ بد نامی کے خوف سے کمہار عبداللہ نے فوری طور سے سوہنی کا رشتہ اپنے قبیلے کے رسم و رواج کے مطابق اپنے ہی خاندان کے ایک نوجوان سے طے کردیا اور تھوڑے ہی دنوں میں اس کی شادی کردی۔ سوہنی رخصت ہوکر اپنے شوہر کے ساتھ دریائے چناب کے دوسرے کنارے پر واقع اپنے شوہرکے گھر چلی گئی جب کہ مہینوال اسی کنارے پر رہ گیا۔ سوہنی نے اپنی محبت کی تسکین اور محبوب سے ملاقات کے لیے ایک منفرد طریقہ ایجادکیا۔ ان کے ملاپ کے راستے میں دریائے چناب کی سرکش موجیں حائل تھیں۔ کیوں کہ وہ کمہارکی بیٹی ہونے کے ناتے مٹی کے ظروف بنانے میں مہارت رکھتی تھی اس لیے اس نے دریا کے دوسرے کنارے تک پہنچنے کے لیے پکی مٹی سے ایک گھڑا تیار کیا۔ اس کے بعدوہ روزانہ رات کی تاریکی میں اپنے محبوب مہنیوال سے ملنے گھڑے کی مدد سے تیر کر دریاکے پار پہنچ جاتی اور وہ دونوں صبح کی سپیدی پھیلنے تک ایک دوسرے کی محبت میں کھوئے رہتے۔ اس طرح کافی عرصہ گزر گیا لیکن یہ بات چھپی نہ رہ سکی۔ ایک مرتبہ سوہنی کی نند کوپتہ چل گیا کہ سوہنی روزانہ رات کو اپنے محبوب سے ملنے دریا کے دوسرے کنارے پر جاتی ہے۔ اسے یہ بھی معلوم ہوگیا کہ سوہنی جو خود تیرنا نہیں جانتی ، مٹی کے مضبوط گھڑے کی مدد سے دریا پار کرتی ہے۔ اس نے اپنی بھاوج کے خلاف ایک خوف ناک سازش کی۔ وہ خود بھی کمہار خاندان سے تعلق رکھتی تھی اور مٹی کے برتن بنانے کے فن سے واقف سھ اس لیے اس نے انتہائی مہارت کے ساتھ کچی مٹی کا گھڑا اس انداز میں بنایا جس میں سوہنی کے بنائے ہوئے گھڑے میں سرمو فرق نظر نہیں آتا تھا۔ ایک روز وہ سوہنی کے بنائے ہوئے پختہ گھڑے کی جگہ کچا گھڑا رکھ دیتی ہے۔ سوہنی جو اس بات سے بے خبر ہوتی ہے، اپنے محبوب کی محبت سے بے قرار ہوکروہی کچی مٹی کا گھڑا اٹھا کر اس کی مدد سے دریا میں اتر جاتی۔ وہ اس بات سے قطعی بے خبر ہوتی ہے کہ وہ اس گھڑے کی صورت میں اپنی موت کا سامان لے کر جارہی ہے۔ پانی میں اترنے کے بعد کچی مٹی سےبنے گھڑے کی مٹی گھلنے لگتی ہے اور دریا کے عین وسط میں پہنچ کرگھڑا بالکل پگھل جاتا ہے جس کے ساتھ ہی سوہنی بھی ڈوبنے لگتی ہے۔موت کے خوف سے سوہنی بے اختیار مہینوال کو پکارتی ہے۔ مہینوال جو دریا کے دوسرے کنارے پر سوہنی کے آنے کا انتظار کررہا ہوتا ہے، اس کی چیخیں سن کراسے بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دیتا ہے، لیکن بدقسمتی سے اسے بھی تیرنا نہیں آتا تھا، اس لیے سوہنی کے ساتھ وہ بھی ڈوب جاتا ہے۔ محبت کرنے والا جوڑا دریا کی گہرائیوں میں ڈوب کر مر جاتا ہےدونوں سچے عاشقوں کی پاکیزہ محبت تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لئے امر ہوجاتی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبہ پنجاب کے سینے پر بہنے والے پانچوں دریا بشمول دریائے چناب دریائے سندھ ہی میں آکرملتے ہیں۔ اُس زمانے میں دریائے سندھ جو آج ہالا کے قریب سے گزرتا ہے اُس وقت شہداد پور کے قریب سے گزرتا تھا لہٰذا سوہنی مہنیوال کی نعشیں طویل سفر طے کرکے تیرتی ہوئی گجرات سے شہداد پور تک پہنچ گئی تھیں۔ سوہنی کے باپ اور دیگر رشتہ دار جو ان دونوں کو تلاش کررہے تھے، جب شہداد پور میں ان کی لاش ملنے کا علم ہوا تو وہ وہاں پہنچے۔ بعد ازاں شناخت کے بعد ان دونوں کی تدفین شہداد پور ہی میں دو مختلف مقامات پر کی گئی۔ آج سوہنی کا مزار مائی سوہنی کے قبرستان میں جبکہ مہنیوال کا مزار شہداد پور کے عین وسط گنجان آبادی میں واقع ہے جبکہ دوسری جانب کہا جاتاہے کہ سوہنی کی قبر گجرات میں واقع ہے۔

1979؁ میں جب محمد ایوب بھامن بحیثیت اسسٹنٹ کمشنروایس ڈی ایم شہداد پور تعینات تھے تو انہوں نے شہریوں کے بے حد اصرار پر پہلی مرتبہ شہداد پور میں ’’مائی سوہنی ‘‘کے نام سے تین روزہ ملے کا انعقاد کرایا تھا لیکن یہ سوہنی مہینوال کی محبت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پہلا اور آخری میلہ ثابت ہوا۔