Advertisement

سری لنکا کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، پی سی بی

September 09, 2019
 

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔ سینئر کرکٹرز کا پاکستان نہ آنا اور معذرت سری لنکا کرکٹ کا اندرونی معاملہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ وہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم از کم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کر سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کی سیریز میں اہم کھلاڑیوں کے نہ آنے کے بعد دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کو شدید دھچکہ لگا ہے۔ دسمبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچ ہونا ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ میچ اس لیے بعد میں کرانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی کھیلنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوسکے، کرکٹ سری لنکا اپنے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان لانےکے لیے قائل نہ کرسکا، تاہم اس ماہ کی سیریز سے پاکستان کے میدانوں میں دس سال بعد کوئی ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوگا۔

دس صف اوّل کے کھلاڑیوں کے انکار کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو قیادت سونپی گئی ہے۔

2009میں آخری بار سری لنکا نے پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی جو مہمان ٹیم نے دو ایک سے جیت لی تھی۔ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم کا کوئی کھلاڑی اب پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں ہے۔ کپتان شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔

سری لنکا کرکٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کھلاڑیوں کو فری ہینڈ دیا گیا تھا کہ وہ فیصلہ کریں کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، دس سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔

2017ء میں کئی مشہور کھلاڑیوں نے ایک ٹی ٹوئینٹی میچ کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے انکار کیا تھا۔ کوشال مینڈس فٹنس مسائل کی وجہ سے پاکستان نہیں آرہے ہیں۔

پیر کو کولمبو میں کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد سری لنکا کرکٹ نے اعلان کیا کہ میٹنگ کا مقصد دورے کے لیے ابتدائی اسکواڈ کو حتمی شکل دینا تھا۔

ملاقات میں کھلاڑیوں کو پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سری لنکا کے سابق ایئر فورس کمانڈرگونا تلیکے جو سیکیورٹی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان آئے تھے اور سری لنکا کرکٹ کے سیکیورٹی ایڈوائزر ہیں، انہوں نے پاکستان کے حالات اور پاکستان میں حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔

ملاقات میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی اسانتھا ڈی میل نے دورے اور مستقبل کی سلیکشن پالیسی پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔ ڈی میل نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے آزادی دی گئی۔

سری لنکا کرکٹ کے مطابق جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا ہے ان میں کپتان دیموتھ کرونارتنے، لسیتھ مالنگا، انجیلو میتھیوز ، سورنگا لکمل، دھننجا ڈی سلوا، کوشال پریرا، اکیلا دھنن جیا، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا اور تشارا پریرا نے پاکستان آنے سے معذرت کی ہے۔ کوشال مینڈس نیوزی لینڈ کی سیریز میں ان فٹ ہوئے تھے اس لیے وہ سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

سری لنکا کرکٹ کے ترجمان کے مطابق میٹنگ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی ٹیم کے نام منظوری کے لیے سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو کو بھیجے جائیں گے۔

وزیر کھیل فرنینڈو نے کہا کہ 'میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میں ان کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہوں‘۔


مکمل خبر پڑھیں