خزاں میں رنگ بہار کے رقصاں دیکھے....

October 20, 2019

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: مناہل

ملبوسات: ماہ نور شمائلہ کلیکشن

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

یوں تو پت جھڑ کا موسم اُداسی کا استعارہ ہے کہ جب پیروں تلے زرد، خشک پتّوں کا فرش بچھا ہو، تو اُن پر چلتے اِک عجب بےثباتی، ناپائیداری کا احساس ہوتا ہے کہ کل تک جو درختوں کا حُسن تھے، آج قدموں تلے رُل رہے ہیں، لیکن ہمارے یہاں ہی کے بعض علاقوں جیسے ہنزہ، سوات، گلگت بلتستان وغیرہ میں موسمِ خزاں کی خُوب صُورتی، دِل کشی قابلِ دید بھی ہوتی ہے۔ اب خزاں رُت اُداس کردینے والی ہو یا حسین تر، بہرحال،خزاں تو خزاں ہی ہے۔ اسی لیے آج ہم نے کوشش کی ہے کہ اپنی بزم کچھ اس قدر حسین و دِل کش، خوش رنگ و دیدہ زیب ملبوسات سے آراستہ کریں کہ خزاں پر بھی بہار کا گمان ہو۔

تو دیکھیے، آتشی گلابی اور فون رنگوں کے امتزاج میں پلین ٹراؤزر اور قدرے لمبی ایمبرائڈرڈفلورل پرنٹڈ قمیص کا انداز۔ اِسی طرح عنّابی رنگ فلورل پرنٹڈ پیراہن کی رعنائی کا بھی جواب نہیں، جس کےٹراؤزر کا باٹم پرنٹڈ ہے ،تو عنّابی رنگ زمین پر سفید، سیاہ، گلابی، پیلے اور نیلے رنگوں کی تال میل میں پھول دار قمیص خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔پھر ایک جانب گہرے سُرمئی اور سُرخ رنگوں کی کامبی نیشن میں پھول دار ایمبرائڈرڈ قمیص کے ساتھ ٹراؤزر کا دِل آویز انداز ہے، تو دوسری جانب ہلکے زرد، سبز اور نیلے رنگوں کے امتزاج میںپرنٹڈ پیراہن کے بھی کیا ہی کہنے۔اور سیاہ اور مسٹرڈ کے منفرد امتزاج میں فلورل پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص کے ساتھ منفرد سے ٹراؤزر کی زیبائی تو جیسے اپنی مثال آپ ہے۔

تو کہیے، شوخ و شنگ رنگوں کے یہ سادہ و عمدہ سے پہناوے دیکھ کر آپ بھی بےاختیار کہنے پر مجبور ہوگئے ناں؎’’خزاں میں رنگ بہار کے رقصاں دیکھے‘‘۔